ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور: سورتکل ٹول پلازہ ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے نکالی گئی احتجاجی پیدل ریلی

مینگلور: سورتکل ٹول پلازہ ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے نکالی گئی احتجاجی پیدل ریلی

Tue, 22 Mar 2022 19:31:13    S.O. News Service

مینگلور 22/ مارچ (ایس او نیوز)  ٹول گیٹ مخالف ہوراٹا سمیتی اور ہم خیال تنظیموں  کی جانب سے سورتکل میں واقع ٹول پلازہ کو ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہیجماڈی ٹول گیٹ سے ایک احتجاجی پیدل ریلی منعقد کی گئی ، جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔

ہیجماڈی سے 9 کلو میٹر دوری پر واقع سورتکل گیٹ تک "ٹول گیٹ چلو" پیدل ریلی  کو کانگریس لیڈر ونئے کمار سوراکے نے ہری جھنڈی دکھائی ۔ شرکاء نے 'سورتکل گیٹ ہٹاو' کے نعرے لگائے ۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ عبوری طور پر قائم کیے گئے سورتکل گیٹ کو ہٹا کر اسے ہیجماڈی گیٹ میں ضم کیا جائے ۔ ہیجماڈی ٹول گیٹ کے اطراف میں بسنے والوں کو ٹول فری کی سہولت دی جائے۔ 
      
اس موقع پر ڈیموکریٹک یوتھ فیڈریشن آف انڈیا کے ریاستی صدر منیر کاٹیپلّا نے  کہا کہ رکن پارلیمان نلین کمار کٹیل نے نتین گڈکری کے حوالہ سے اس ٹول گیٹ کو نیو منگلورو پورٹ میں  منتقل کرنے کی جو بات کہی ہے ، ہمیں اس بیان پر یقین نہیں ہے ۔ اس رکن پارلیمان نے اس سے پہلے بھی بہت سے بیانات دئے  تھے ، اب ہم اس پر بھروسہ کرنے کی حالت میں نہیں ہیں ۔ ہمیں اس سے کوئی مطلب نہیں ہے کہ ٹول گیٹ ہٹائی جاتی ہے یا منتقل کی جاتی ہے ۔ ہمیں بس یہاں سے اس کو ہٹانے کی کوئی ایک مقررہ تاریخ چاہیے ۔ 
      
انہوں نے کہا کہ اگر مقررہ وقت کے اندر ٹول گیٹ ہٹائی نہیں جاتی تو پھر "ایم پی آفس چلو" احتجاجی ریلی  منعقد کی جائے گی اور رات دن مسلسل احتجاج جاری رکھا جائے گا ۔ اور اس کے بعد بھی یہ لوگ اقدام نہیں کرتے تو پھر ہم لوگ قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خود ہی اس ٹول گیٹ کو ہٹائیں گے ۔ 
      
احتجاجی ریلی  میں اڈپی  اور جنوبی کینرا ٹیکسی اور نجی بسوں کی انجمنوں سمیت مختلف اداروں اور تنظیموں کے کارکنان  شریک تھے۔


Share: